جماعت اسلامی نے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ہمیشہ بے لوث جدوجہد کی ہے، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ عوام آئی ایم ایف کی غلامی میں جس ذلت واذیت ناک صورت حال سے دوچار ہیں، یہ برطانوی سامراج کی غلامی سے بھی بدتر ہے، اس سارے قومی المیے کا سبب حکمرانوں کی مسلسل کرپشن، بزدلی اور سودخوری ہے، ان حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کو عالمی سودی نظام کی زنجیروں میں جکڑا ہے، ملک کنگال ہے نہ بنجر، اللہ نے ہمیں برسرزمین اور زیرزمین ہر طرح کی دولت اور وسائل فراہم کیے ہیں، مگر یہاں کے لٹیرے بالائی طبقات کی بددیانتی، نااہلی اور ذہنی غلامی نے ہر نعمت کو مصیبت میں تبدیل کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں تین روزہ مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی ذلت کی اس دلدل سے قوم کو نکالے گی، مگر اس کے لیے عوام کا بیدار ہونا، اپنے برے بھلے کی تمیز کرنا اور جدوجہد کے لیے میدان میں نکلنا ہو گا۔ جماعت اسلامی عوام کے دکھ درد میں ہمیشہ شریک ہونے والی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے، ہمارے پاس اقتدار نہیں، تب بھی ہر آفت کے وقت مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے غم میں شریک اور ان کے زخموں پر مرہم پٹی کرنے کا فریضہ ادا کرتے چلے آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مزدور، کسان، نوجوان اور خواتین سبھی کے بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں، مگرمچھوں کا ایک مافیا ہے جن کے پیٹ میں قوم کی ساری دولت جمع ہوتی چلی آ رہی ہے، یہ مگرمچھ اس دولت کو بیرونی ملکوں میں اپنے خزانوں میں جمع کر کے پاکستان کو کنگال بناتے چلے آئے ہیں۔ اے مظلوم عوام وقت آ گیا ہے کہ مگرمچھوں کے پیٹ پھاڑ کر اپنی گم شدہ امانتیں ان سے نکالی جائیں، ہم میدانِ عمل میں ہیں، آئو ہمارا ساتھ دو۔ اللہ کی مدد تبھی آئے گی جب ہم متحد ہو کر ظلم کا مقابلہ کریں گے”حق دو مظلوم کو” ہمارا نعرہ اور منزل ہے۔