لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران گھی کی قیمتوں میں 30روپے فی کلو اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 40روپے فی لیٹر تک اضافہ قابل مذمت ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹوروں پر اشیائے خوردو نوش غائب ہوچکی ہیں، حکمرانوں نے عوام کو ریلیف کے نام پر مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔مہنگائی نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چین، سعودی عرب، امارات، آئی ایم ایف ، امریکہ کے بعد اب روس اور قازقستان کے سامنے بھی کشکول پھیلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کیا یہ وہ خود مختاری، خود انحصاری اور جرأت مندانہ فیصلے جن کا حکمرانوں نے الیکشن سے قبل عوام سے وعدہ کیا تھا۔؟ تحریک انصاف کی حکومت نے بھیک مانگنے میں ماضی کی تمام حکومتوں کے ریکارڈ بھی توڑ ڈالے ہیں۔ ملک کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ9ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے جوکہ ملکی جی ڈی پی کے 4فیصد اہداف کے مقابلے میں 5.7فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6مہینوں میں ملکی ایکسپورٹ 18 ارب ڈالر جبکہ امپورٹ 41.66ارب ڈالر ہونے سے ملکی معیشت کو23ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے 2018سے 2021تک 42.7ارب ڈالر کے قرضے حاصل کیے ہیں۔ غیر ملکی مجموعی قرضہ 95.21ارب ڈالر سے بڑھ کر 131ارب ڈالر ہوگیا۔ ہر پاکستانی دو لاکھ روپے کا مقروض ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین کروڑ بیس لاکھ بھارتی اوورسیز میں جو کہ ہر سال 80ارب ڈالر بھارت بھجواتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے ایک کروڑ تین لاکھ اوورسیز ہر سال اٹھارہ ارب ڈالر بنگلہ دیش بھجواتے ہیں۔ سری لنکا کے تیس لاکھ شہری ہر سال 900 ملین ڈالر بھجواتے ہیں۔ پاکستان کے ایک کروڑ افراد ہر سال بتیس ارب ڈالر پاکستان بھجوارہے ہیں۔ دنیا کی ہر حکومت اپنے اوورسیز کو سہولیات فراہم کرتی ہے مگر پاکستان میں معاملہ الٹ ہے۔ پاکستانی اوورسیز عدم تحفظ کا شکار ہیں،ان کو درپیش مسائل کو فی الفور حل کرنے کی ضرورت ہے۔