سید مودودی کے لٹریچر نے انسانی شاہکار تصنیف کیے، ان میں سے ایک سید شہاب الدین بھی تھے، راشد نسیم کا تعزیتی ریفرنس سے خطاب

 کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ سید ابوالاعلیٰ مودودی نے شاہکار اور لاثانی کتب تصنیف کیں، ان کا لٹریچر قرون اولیٰ کی یاد تازہ کرتا ہے۔ سید شہاب الدین 1970ء میں لڑکپن سے سید مودودی کے لٹریچر سے وابستہ ہوئے اور پھر جماعت اسلامی میں شامل ہو گئے، وہ مستقل مزاجی کے ساتھ اقامت دین اور جماعت اسلامی کے نصب العین پر تادم آخر قائم رہے، وہ اقامت دین کے صدابہار کارکن تھے اور اسلامک ریسرچ اکیڈمی سے بھی وابستہ رہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق ناظم و منتخب یوسی چیئرمین لیاقت آباد سید شہاب الدین کی یاد میں اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ لیاقت آباد کراچی کے پرتشدد اور بوری بند لاشوں کے ماحول میں سید شہاب الدین استقامت کے ساتھ دعوت دین کے محاذ پر ڈٹے رہے۔ انھوں نے اپنے حسن خلق سے مخالفین کو بھی متاثر کیا، ایسے کارکنوں کی وجہ سے اس ملک میں اسلامی انقلاب برپا ہو کر رہے گا۔