پنجاب میں دھند، موٹروے کئی مقامات پربندرہی


لاہور(صباح نیوز)پنجاب کے میدانی علاقوں میں پھر دھند چھائی رہی ، موٹر وے ایم2، 3 اورایم 11 کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم 2لاہور اسلام آباد موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں اورللہ انٹرچینج سے کوٹ مومن تک ہیوی ٹریفک کیلئے بند رہی۔اس کے علاوہ ایم 3 لاہور عبدالحکیم موٹروے فیض پور سے ننکانہ جبکہ ایم 11 لاہور سیالکوٹ موٹروے محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند کردی گئی،حدنگاہ انتہائی کم رہا،جی ٹی روڈ پر بھی ٹریفک متاثرہوئی ۔

لاہور ایئرپورٹ پرفضائی آپریشن بھی معطل کیا گیا۔ترجمان موٹروے نے کہا کہ موٹر ویز مسافروں کی حفاظت کیلئے بند کی گئیں، ڈرائیور حضرات دھند میں رفتار کم اوراگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں ، کسی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔