پشاور(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا شجاع الملک نے کہا ہے کہ سینیٹر طلحہ محمود جے یو آئی ف کی سب سے پہلی اے ٹی ایم ہیں جن کو بھاری بھرکم رقومات کے بدلے بار بار خیبر پختونخواہ سے سینیٹر بنایا جاتا رہااور جب اس حوالے سے کروڑوں روپے کی وصولی کا پارٹی میں چرچا بڑھتا گیا تو صوبائی سطح پر تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اس تحقیقات کی روشنی میں سینٹ کے ٹکٹ کیلئے نہ صرف بھاری رقوم کی بطور رشوت لینے اور اس میں سے کچھ رقم قیادت کے احکامات کے تحت خیبر پختونخواہ جے یو آئی ف کے صوبائی اسمبلی کے بعض ارکان کو فراہم کرنے کی تصدیق بھی ہوئی اور تقسیم کنندہ نے بھی اس کا اعتراف کیا صوبائی کمیٹی کی رپورٹ پر عملدرآمد اور ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب عناصر اور اس میں ملوث اعلی مرکزی قیادت کا احتساب کے بجائے اس صوبائی کمیٹی کو ہی توڑ کر برائے نام بنا ئی گئی ایک نام نہاد مرکزی کمیٹی کے سپرد کرکے ہمیشہ کے لیے معاملے کو دفن کردیا گیا۔
اپنے بیان میں مولانا شجاع الملک نے کہا کہ ان بے قاعدگیوں، بدعنوانیوں اور بے ایمانیوں کیخلاف پارٹی کے مختلف اداروں میں ہم نے آواز بلند کرنے کی کوشش کی جو مرکزی قیادت کے لیے ناقابل برداشت تھا اس لئے انہوں نے جے یو آئی ف کی بانی قیادت سے غیر دستوری اور غیر قانونی طور پر جان چھڑانے کی ناکام کوشش کی مگر ہم جمعیت علما اسلام پاکستان میں تھے اور انشا اللہ رہ کر نام نہاد موروثیت کودفن کردیں گے۔