چیئرمین سینیٹ کا فٹبال کے ملکی و عالمی کھلاڑیوں کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں استقبالیہ

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے فٹبال کے  ملکی و عالمی کھلاڑیوں کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں استقبالیہ دیا۔ وفد کی قیادت فرحان احمد جونیجو، چیئرمین پاکستان فٹبال لیگ برطانیہ نے کی۔ وفدمیں دنیا کے نامور فٹبالز اور ماہرین سمیت فرنیچائز مالکان بھی شامل تھے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نامور بین الاقوامی فٹبالرز اور پی ایف ایل کے نمائندوں کی یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں موجودگی فٹ بال کیلئے ہمارے مشترکہ جذبے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال عام کھیل نہیں بلکہ ایک پل ہے جو سرحدوں اور بین الاقوامی ثقافتوں کو آپس میں جوڑتا ہے یہ کھیل لاکھوں لوگوں کے جذبات سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے لئے ٹیلنٹ اور جذبے کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے کیلئے پیشہ وارانہ کوچنگ فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں اس شاندار کھیل کا مستقبل روشن ہوگا۔ اور یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اگر انہیں موثر مواقع میسر ہوں تو ہمارے نوجوان ہر میدان میں اپنا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایف ایل (یوکے) پاکستان میں بین الاقوامی فٹ بال کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے،پی ایف ایل (یوکے) کی انتظامیہ کو پاکستان میں فٹ بال کے فروغ دینے میں ان کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم مل کر کھیلوں کو فروغ دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں اورخود فٹبال کے شوقین ہونے کے ناطے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان میں فٹبال کی جدید ترین سہولیات کو فروغ دینے اور مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار کروں گا۔  مائیکل اووین،

برطانوی فٹبالر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئیے ہم ایک روشن مستقبل بنانے کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر بچے کو فٹبال کے میدان میں اپنے خوابوں کی تکمیل کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بلاشبہ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اورپاکستانی عوام میں کھیلوں کا جذبہ قابل تعریف ہے۔چیئرمین پاکستان فٹبال لیگ برطانیہ فرحان جونیجونے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب بڑے اس وفد میں بین الاقوامی فٹبالز بھی شامل ہیں یہ بہت بڑا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے نامور دس کلبز پاکستان آئے ہیں جس سے فٹبال کے کھیل کو فروغ ملے گا۔ چیئر مین پاکستان فٹبال لیگ برطانیہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں دس ٹیمیں لانچ ہونگی جن میں ملتان، پشاور، لاہور، اسلام آباد، کراچی، سیالکوٹ اور دیگر ٹیموں کا اجرا ہوگا جس کا مقصد بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے تاکہ وہ دنیا کی دیگر ٹیموں کا مقابلہ کر سکیں۔ پارلیمنٹ ہاس کا دورہ کرنے والے ورلڈ فٹبال کے وفد میں مائیکل اوون، عیمائل حسکے،پاسکل چمبونڈا،رول روڈریگز،ایڈرین بیوینگٹن،کارلو مسٹیلون سمیت دیگر ماہرین و فرنیچائزمالکان بھی شامل تھے۔