کراچی(صباح نیوز) اقوام متحدہ کی قراردادوں وعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے باوجود اسرائیلی افواج کی جانب سے رفح بارڈرو غزہ پر مسلسل بمباری ، خواتین و بچوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف اور”اہل فلسطین ”اور” تحریک مزاحمت حماس” سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار2جون کو4بجے شام شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ” ہو گا۔شہر بھر سے لاکھوں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سمیت علمائ، وکلائ،ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، تاجر، مزدور سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے ۔ ”غزہ ملین مارچ” کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔مارچ کے سلسلے میں ہفتہ کو بھی شہر بھر میں کیمپ لگائے گئے اور بڑی تعداد میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ۔
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کراچی کے عوام،تمام طبقات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مردوخواتین سے اپیل کی کہ پورے ایمانی جذبے اور بھر پور جوش و خروش کے ساتھ جوق درجوق اپنی فیملی کے ہمراہ ”غزہ ملین مارچ”میں شر یک ہوں اور اسرائیل کی جارحیت ،امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ،قبلہ اوّل پر قبضے کی سازشوں و کوششوں کے خلاف اور اہل غزہ وفلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد کے ساتھ بھر پور اظہارِ یکجہتی کریں۔ علاوہ ازیں ”غزہ ملین مارچ” میں لاکھوں مردو خواتین کی شر کت کے پیش نظربڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں ، شہر بھر سے آنے والے جلوسوں،ریلیوں اور قافلوں کی صورت میں شاہراہ فیصل پر پہنچیں گے،مین نرسری اسٹاپ پرموجود بالائی گزر گاہ کو اسٹیج بنایا جائے گا۔جہاں سے قائدین خطاب کریں گے۔
شاہراہ فیصل پر سڑک کا ایک ٹریک مردوں اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص کیاگیاہے۔ ”غزہ ملین مارچ” کی کوریج کے لیے قومی و بین الاقوامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے بڑی پریس گیلری بنائی گئی ہے،جبکہ سوشل میڈیا کے لیے بھی علیحدہ سے کیمپ لگایا گیا ہے۔ مارچ کے سلسلے میں رابطہ عوام مہم کے ذریعے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر شہریوں کو شر کت کی دعوت دی گئی ۔جماعت اسلامی کے مردو خواتین کارکنان اور ذمہ داران ہفتہ کے روز بھی سارا دن سر گرمِ عمل رہے۔عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش اور مثبت ردّ عمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور توقع ہے کہ ‘ ”غزہ ملین مارچ”کراچی کے عوام کا تاریخی اور یادگار مارچ ثابت ہو گا۔
دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سٹی کورٹ کا دورہ کیا،سندھ بار اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور دیگر وکلاء نے ان کا استقبال کیا ۔منعم ظفر خان نے وکلاء کو جماعت اسلامی کے تحت اتوار2جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ” میں شرکت کی دعوت دی، وکلا برادری کی طرف سے ”غزہ ملین مارچ” کی مکمل تائید وحمایت اور شرکت کی یقین دہانی کرائی گئی ۔منعم ظفر خان نے اسلامک لائرز موومنٹ کے تحت فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے وکلاء کے احتجاج میں شرکت اور خطاب کیاکہ غزہ وفلسطین میں 8ماہ سے رقص ابلیس جاری ہے ، صیہونی دہشت گردی اور اسرائیلی جارحیت امریکہ کی سرپرستی میں جاری ہے ،37ہزار سے زائد افراد شہید کیے جاچکے ہیں، 80ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں، دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ کس طرح انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے ، عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کے خلاف فیصلہ دیا اور فوری طور پر جنگ بندی کا حکم دیا لیکن اس کے باوجود اسرائیل درندگی اور سفاکیت کا مظاہرہ کررہا ہے ۔ اہل غزہ و فلسطین ڈٹے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ امریکہ جامعات میں طلبہ و طالبات اپنے ہی حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے ۔
انہوں نے کہاکہ فلسطین میں ایمان نے ٹیکنالوجی کو شکست دے دی ہے، یہودی و صہیونی فلسطین اور قبلہ اول کے بعد مکہ اور مدینہ سمیت پورے عرب پر قبضہ چاہتے ہیں، مسلم حکمران اپنے مسائل کے حل کیلئے عالمی اداروں کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں اور متحد ہوکر مشترکہ دفاعی و معاشی پالیسیاں ترتیب دیں، وزیر اعظم شہباز شریف دنیا کے تمام ممالک کے وزرائے اعظم اور آرمی چیفس کا اجلاس بلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ کسی فرد، گروہ، قوم یا ملک کا مسئلہ نہیں، بلکہ دنیا کے ہر انصاف پسند انسان کے ضمیر کی آواز ہے، فلسطین کا مسئلہ عرب اور عجم کا نہیں، بلکہ قبلہ اول اور ایمان کا مسئلہ ہے، فلسطینی اپنی آخری سانس تک دین کی سربلندی اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ وکلاء کے احتجاج سے سندھ بار کونسل کے جنرل سکریٹری سرفراز علی متیلو،سابق جنرل سکریٹری حسیب جمالی ایڈوکیٹ ،کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ،
سابق صدر نعیم قریشی ، اسلامک لائرز موومنٹ کے صدر عبد الصمد خٹک،رؤف آفریدی ایڈوکیٹ ،جماعت اسلامی کے اقلیتی ونگ کے رہنما یونس سوہن ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری، اسلامک لائرز مومنٹ کے سابق صدر شاہد علی خان،قیصر جمیل ایڈوکیٹ،عثمان فاروق ایڈوکیٹ ،اسلامک لائرز ول فورم کی طلعت یاسمین ، روبینہ جتوئی،فریدہ حبیب ،فرح ناز،غزالہ ابراہیم ودیگر بھی موجود تھے ۔#
#/S