کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے ذمہ داران مولانا ڈاکٹر محمد سعید اسکندر،مولانا مفتی امداد اللہ ، جامعة ستاریہ گلشن اقبال کے مہتمم علامہ حافظ محمد سلفی ، مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی ، نگراں سیاسی امور علامہ مبشر حسین اور فلسطین فائونڈیشن کے صابر ابو مریم،مجلس وحدت المسلمین کے ناصر حسینی سے ان کے دفاتر میں ملاقاتیں کیں اور علمائے کرام کو اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف اور اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2 جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان و تاریخی ”غزہ ملین مارچ”میں شرکت کی دعوت دی ۔
معزز علماء کرام نے اسرائیل کی شدید مذمت اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ ملین مارچ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اور عوام الناس سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء کراچی مولانا عبد الوحید،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد موجود تھے ۔
منعم ظفر خان اور علمائے کرام کے درمیان ہوئی ملاقاتوں میں غزہ کی حالیہ صورتحال بالخصوص رفح بارڈر پر اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری ، اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی قرار داد اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرائم کا مرتکب ثابت ہو چکا ہے ، پوری عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں قتل عام اور فلسطینیوں کی نسل کشی سے روکے ۔ اس سلسلے میں عالم اسلام کے حکمرانوں اور حکومت پاکستان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ امریکہ و اسرائیل کے خوف سے نکلیں اور اہل غزہ کے حق میں اسرائیل کے خلاف پیش قدمی کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں ۔