اسلام آباد (صباح نیوز)آئی جی پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ڈی چوک میں شرکاء دھرنا کو پیش آنے والے حادثے کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے ، ملزم کا تعلق آرمڈ فورسز سے ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
آئی جی اسلام آباد سے میڈیا کی جانب سے استفسار کیا گیا تھا کہ گزشتہ دنوں ڈی چوک میں دھرنا میں دو نوجوانوں کو گاڑی سے کچلنے کاملزم کیا گرفتا ر ہے ؟ اس بارے جواب دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ڈی چوک میں شرکا ء دھرنا کو پیش آنے والے حادثہ کی ہرپہلو سے تفتیش کی گئی۔تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ملزم کو متعلقہ ادارے کے حوالے کیا ہم نے قانونی نکات مکمل کیے ، ملزم کا تعلق آرمڈ فورسز سے ہے ،کورٹ مارشل کرنا متعلقہ ادارے کا کام ہے ،حادثے سے متعلق اسلام آباد پولیس نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
اسلام آباد سے شہریوں کے لاپتہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جب بھی اس قسم کے واقعہ کا پولیس کوعلم ہوتا ہے تو قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جاتا ہے ،ہرپہلو سے تفتیش ہوتی ہے اس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتاہے ۔ سیلولرٹیکنالوجی بھی استعمال کرتے ہوئے میرٹ کے تمام تقاضے پورے کیے جاتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں آئی جی پولیس نے کہا کہ اسلام آباد کی پچیس تیس لاکھ آبادی کے لئے بیک وقت ہر جگہ پٹرولنگ ممکن نہیں اپنے وسائل اور افرادی قوت کے مطابق پولیس گشت کو یقینی بنایا گیا ہے