پارلیمان ملک کے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے،ایازصادق


اسلام آباد(صباح نیوز )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان ملک کے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے،نوجوان ڈاکٹرز صحت کے نظام میں مثبت تبدیلی لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی محنت، عزم اور ہمدردی اس شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد کرے گی،عام بندہ عدالت میں اپنے کیس اور ہسپتال میں اپنے علاج کے لئے سب کچھ قربان کردیتا ہے ایسے میں اچھے الفاظ اور مسکراہٹ اسے نئی زندگی دیتے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوکالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان )سی پی ایس پی (کے 57ویں کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج یہاں سے پاس آئوٹ ہونے والے نوجوان ڈاکٹر ملک کے صحت کے نظام کی ترقی کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں . انہوں نے سی پی ایس پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک قرار دیا جو نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان رکھتا ہے۔سپیکرقومی اسمبلی نے نوجوان ڈاکٹروں کو تلقین کی کہ وہ اپنے کردار کو صرف علاج تک محدود نہ رکھیں بلکہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی، ایمانداری اور اخلاقیات پر مبنی تعلق قائم کریں .انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز جیسے دیہی علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی اور زچہ و بچہ کی صحت میں بہتری آپ کے عزم اور مہارت کے بغیر حل نہیں ہو سکتے سی پی ایس پی کی چھ دہائیوں پر محیط خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر نے کہا کہ یہ ادارہ پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم میں اعلی معیار قائم کرنے میں پیش پیش رہا ہے انہوں نے ادارے کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جو جدید نصاب اور ٹیکنالوجیز کے ذریعے اپنے فارغ التحصیل طلبہ کو عالمی معیار کا طبی ماہر بنا رہی ہے.

انہو ں نے کہا کہ فارغ التحصیل افراد کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ ادارہ صرف تعلیم نہیں بلکہ ہمدردی اور انسانیت کی اقدار کو بھی فروغ دیتا ہے سپیکرقومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے سی پی ایس پی جیسے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی انہوں نے ادارے کی قیادت پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور ہمدردانہ قیادت کو فروغ دینے پر بھی توجہ دے.سردار ایاز صادق نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے

انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے اور امید ہے کہ آپ اپنی مہارت اور خدمات سے پاکستان کے صحت کے نظام میں انقلاب لائیں گے سپیکر نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے صحت کے شعبے میں بہتری ضروری ہے، میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان اپنے خاندان کیلئے قابل فخر ہوتے ہیں،یہ مقدس پیشہ ہے، ڈاکٹر سے مریض کو اللہ تعالی کی ذات کے بعد سب زیادہ امید وابستہ ہوتی ہے.انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کو زیادہ سے زیادہ ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں،انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی دوسرا کام معتبر نہیں، انسانیت کی خدمت کر کے جو خوشی اور سکون قلب حاصل ہوتا ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں تقر یب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر)اظہر کیانی ، سابق نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر ، ایف سی پی ایس کے صدر ڈاکٹر شعیب شفیع کے علاہ ملک بھر سے نامور ڈاکٹروں ،پاس آٹ ہونے والے نوجوان ڈاکٹروں اور ان کے اہلخانہ کی کثیر تعداد شریک تھی.