لاہور (صباح نیوز) جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے احتجاجی دھرنوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ 13فروری سے شروع ہونے والے احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ 27مارچ تک جاری رہے گا۔ 13فروری کو شیخوپورہ، 18فروری کو گوجرانوالہ ، 4مارچ کو اوکاڑہ اور ساہیوال،5مارچ کو فیصل آباد ،11مارچ کو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ،12مارچ کو چنیوٹ،13مارچ کو ننکانہ، 18مارچ کو حافظ آباد،19مارچ کو سیالکوٹ،20مارچ کو قصور ،23مارچ کو لاہور، 25مارچ کو پاک پتن اور 27مارچ کو نارووال میں بھر پور انداز میں احتجاجی دھرنے دیئے جائیںگے۔
فروری کے مہینے میں لاہور کے مختلف علاقوں میں 5دھرنے دیئے جائیںگے۔ اس حوالے سے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت پورے وسطی پنجاب میں احتجاجی دھرنے دیئے جائیںگے جن میں عوام الناس کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داران اور کارکنان نے کام شروع کردیا ۔ تبدیلی سرکار نے عوام کو اپنی ناقص اور مایوس کن کارکردگی سے بہت مایوس کیا ہے۔
ان کے پاس کسی قسم کی کوئی اہلیت نہیں۔ عوام بدحال ہو چکے ہیں۔مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ تحریک انصاف نے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ ان ظالم اور بے حس حکمرانوں کو گھر بھیجا جائے ۔
انہو ںنے کہا کہ کٹھ ایسے پتلی حکمران ملک و قوم پر مسلط ہوچکے ہیں جن کی ڈوریں آئی ایم ایف کے پاس ہیں۔ ایک طرف مہنگائی کا سیلاب امڈ آیا ہے جبکہ دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیںکہ پاکستان آج بھی دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے تحریک انصاف کی مصنوعی کارکردگی اور کرپشن کے دعوئوں کا پول کھول کررکھ دیا ہے