اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ میڈیا فریڈم رپورٹ موجودہ حکومت کے خلاف فرد جرم ہے ۔
صدر پاکستان مسلم لیگ نون و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاکستان میڈیا فریڈم رپورٹ 2021 کے اجرا پر اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا فریڈم رپورٹ چشم کشا حقائق پر مبنی اور موجودہ حکومت کے خلاف ایک اور فرد جرم ہے، ایسی رپورٹس آئیں گی تو جی ایس پی پلس اسٹیٹس باقی رہ جائے گا نہ ہی غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت، آئین اور عوام دوست سیاسی جماعتوں کو میڈیا فریڈم رپورٹ کے مندرجات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے، رپورٹ ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت جمہوری ہے نہ ہی اس کا مزاج جمہوری ہے، رپورٹ گواہی دے رہی ہے کہ موجودہ حکومتی نظام فسطائیت اور آمریت کا تسلسل ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشہباز شریف نے کہا کہ سیاسی انتقام کی دھند بتدریج چھٹ رہی ہے اور سچائی کی روشنی بڑھتی جا رہی ہے، بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے ساتھیوں پر فخر ہے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کی عوامی خدمت اور ایمانداری قانون اور عوام کی عدالت میں ایک بار پھر ثابت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی کیس میں ثابت ہوا کہ سب سے کم بولی دینے والی کمپنی سے بھی 20 کروڑ روپے کم کرائے گئے لہذا اس کیس میں کرپشن ہونے کا تمام عمرانی افسانہ سراسر جھوٹ اور سیاسی انتقام ثابت ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قمرالاسلام اور تمام بری ہونے والوں کو مبارک ہو، ہر آنے والا ہر فیصلہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کو سرخرو کرے گا۔