حکومت کو حزب اختلاف سے کوئی خوف اور خطرہ نہیں ہے۔ فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریف خاندان چاہتا ہے لوٹ مار کریں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، جب حساب مانگا جائے تو یہ اداروں پر حملہ آور ہوجاتے ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عدلیہ کو رانا ثنا اللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، کیا ایسے ماحول میں عدالتیں آزادانہ کام کرسکتی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کو مکمل آزادی حاصل ہے اور حکومت کسی کو بھی عدلیہ کی بالادستی سبوتاژ نہیں کرنے دے گی

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جلد فیصل آباد کا دورہ کریں گے اور اس شہر میں انصاف صحت کارڈ سکیم اور پینل ہسپتالوں کا افتتاح کریں گے جن کے ذریعے اس کارڈ کے حامل افراد کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے حزب اختلاف کے لانگ مارچ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کو حزب اختلاف سے کوئی خوف اور خطرہ نہیں ہے۔