ملتان(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن شوق سے لانگ مارچ کرے۔ اپوزیشن کے اتحاد کا حال سینیٹ میں دیکھ لیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ن عدلیہ سے من پسند فیصلے سننے کی عادی ہے۔ اسی لئے ماضی میں عدلیہ پر حملے بھی کر چکی ہے ۔ اسٹیٹ بنک اب بھی مقننہ اور اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو جواب دہ ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان زائرین کے ساتھ ساتھ ہندو کونسل پاکستان کے ویزوں پر بھی بھارت حیلے بہانوں سے کام لے رہا ہے ۔ پوری دنیا میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کو چین بھی متنازعہ علاقہ سمجھتا ہے – وزیر اعظم چار فروری کو چین کا دورہ کریں گے ، جس میں افغانستان سمیت خطے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا –
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سندھ بلدیاتی قانون کی طرح پنجاب میں غیر مثر قانون نہیں لائیں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ ساڑھے تین کروڑ عوام کی ضرورت ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں آئینی ترمیم میں ہمارا ساتھ دیں تو صوبے کا کریڈٹ بھی انہیں دینے کو تیار ہیں – مہنگائی پر قابو پانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں ، کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور اسمگلنگ کو بھی روکا جانا چاہیئے۔