جماعت اسلامی 6 فروری کوگجرات سے حکومت مخالف دھرنوں کا آغاز کرے گی۔ امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 6 فروری گجرات سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں دھرنوں کا آغاز کرے گی۔ملک بھر میں 100 دھرنوں کے بعد 101 ویںدھرنے کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ مہنگائی۔بے روز گاری،کرپشن کی سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔جماعت اسلامی سپریم کورٹ میں پنڈورا پیپرز اور پاناما لیکس کیخلاف اور چوکوں و چوراہوں میں عوام کا مقدمہ لڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے ذمہ داران کے ساتھ منصورہ میں خصوصی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں امیر وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری،جنرل سیکرٹری نصر اللہ گورائیہ اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

اجلاس میں وسطی پنجاب میں دھرنوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف  کے حوالے کرنے اور مہنگائی کی ناقابل برداشت لہر پرملک بھر میں احتجاج کیا جائے اور حکومت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اسٹیٹ بینک کے گورنر کو فوری نکالے اور آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے کی جانے والی قانون سازی کو فوری واپس لے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کا اعلان کرے۔

اس حوالے سے وسطی پنجاب میں 13 فروری شیخوپورہ،18 فروری گوجرانوا لہ،4 مارچ اوکاڑہ اور ساہیوال ،5 مارچ فیصل آباد،11 مارچ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ،12 مارچ چینیوٹ ،13 مارچ ننکانہ ،23 مارچ لاہور،25 مارچ پاک پتن اور 27 مارچ کو نارووال میں دھرنے دیے جائیں گے جس سے جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی ۔امیر العظیم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں شمالی پنجاب ،جنوبی پنجاب ،کے پی،سندھ اور بلوچستان میں دھرنوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا