لاہور(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے بلاول ہاوس میں ملاقات کی، بلاول کو سابق وزرائے اعظم اور لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے 27 فروری کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے دونوں سابق وزرائے اعظم کو اہم ٹاسک سونپ دئیے۔ چیئرمین پی پی نے دونوں رہنماوں کے ساتھ لانگ مارچ کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے قبل پیپلزپارٹی کے خلاف مختلف حوالوں سے پروپیگنڈے کا آغاز ہوچکا ہے، کراچی سے اسلام آباد تک سلیکٹڈ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ کی وجہ سے خاص طور پر ٹارگٹ کررہی ہے، حکومتی ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود لانگ مارچ ہوکر رہے گا، حکومتی چالیں دھری کی دھری رہ جائیں گی، مجھے فروری سے اسلام آباد کا مطلع ابرآلود نظر آرہا ہے