منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف ،حمزہ شہباز کو شامل تفتیش کرنے کا حکم


لاہور (صباح نیوز) لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج اعزازاعوان نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کو شامل تفتیش  کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو دوروز میں دو،دولاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزمان ضمانت کی درخواستوں کا حتمی فیصلہ ہونے تک ہر سماعت پر پیش ہوں۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت پہلے بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت تھی۔ تاہم دائرہ اختیار نہ ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بینکنگ کورٹ سے ضمانت کی درخواستیں واپس لے کر اسپیشل سینٹرل عدالت میں دائر کی تھیں۔ جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمہ کا چالان اسپیشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔