ہم اصل میں ایک تماشبین قوم ہیں۔ مختلف مداری آتے ہیں تماشہ دکھاتے ہیں ہم خوب تالیاں بجاتے ہیں اور پھر ایک اور نیا مداری آجاتا ہے۔ روز نئے نئے تماشے لگتے رہتے ہیں اور ہم کسی بھی تماشے سے سبق نہیں سیکھتے بس تالیاں بجاتے رہتے ہیں۔ میری زندگی کے پچھلے چون برس میں مداری آئی جارہے ہیں اور اک تماشہ ہے کہ لگا ہوا ہے ۔ میرے ہاتھ تالیاں بجا بجا سوج کر سرخ ہوگئے ہیں کئی دفعہ تو خون بھی نکل آتا ہے پر یہ مداری چھٹی ہی نہیں کرتے۔ یار درخواست ہے کوئی تو چھٹی کرلیا کرو ہاتھوں کو ہی آرام مل جائے گا۔
کچھ احباب کے خیال میں خلیل الرحمٰن قمر ایک اعلی درجے کے لکھاری ہیں وہ ڈرامہ اور فلم کا سکرپٹ بہت اچھا لکھتے ہیں۔ لیکن وہ کچھ ڈراموں اور فلموں تک محدود ہیں۔
میں تو ان فلموں کے رائٹر، ڈائریکٹر ،پروڈیوسرز اور فنکاروں کی بات کررہا ہوں جو ون مین شو کررہے ہیں۔ جن کو سب پتہ ہے۔
وہ خود ہی دعویٰ کرتے ہیں اور خود ہی تصدیق کرتے ہیں اگر آپ اس کے چشم دید گواہ بننا چاہتے ہیں اور آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کی برداشت بھی مناسب ہے تو ہمارے سیاسی اور کچھ مزہبی راہنما جیسے ساحل ندیم صاحب، اوریا مقبول جان صاحب، ہارون الرشید صاحب، الیاس قادری صاحب، مولانا اشرفی صاحب ،اور ان جیسے بہت سے خود ساختہ صاحب علم کے پروگرام دیکھئے ، سنیے اور سر دھنیے،۔
ان سب صاحبان کی خود ساختہ علمی دلیلیں اور خواب حیران کن ہیں۔
میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے علاؤہ کسی کو فالو نہیں کرتا نہ ہی ضروری سمجھتا ہوں ۔میں پہلے انکے احکامات پر عمل کرلوں اگر زندگی بچی تو پھر ان صاحبان پر بھی غور کرلیں گے فلحال ضرورت نہیں۔
مجھے اوریا مقبول جان صاحب کا وہ خواب نہیں بھولتا جو انھوں نے دیکھا کہ دنیا کی سب سے معتبر ترین شخصیت ایک فائل جنرل باجوہ جیسے شخص کو عنائیت کررہے ہیں۔ پھر ان کے پسندیدہ انسان کا باجوہ صاحب سے تعلقات مناسب نہیں رہتے تو وہ انکے خلاف بیانات دینا شروع کردیتے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ انکا کونسا خواب سچا ہے ۔ میرے پاس ویڈیو موجود ہے اوریا مقبول جان صاحب کی۔
پھر ہمارے ذہنی مریض قسم کے پیر اس لیول کی پیشنگوئیاں اپنے بارے میں کرتے ہیں کہ ہر پڑھنے والے کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ رانگ نمبر ہے۔ محترم فرماتے ہیں میری قبر پر حاضری ثواب کا کام ہے اور حاضر ہونے والا مجھ سے جڑ جاتا ہے۔ اور اس پر میرا فیض شروع ہوجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے نام نہاد پیروں کیلئے اگلی منزلیں آسان فرمائے آمین ۔ اور ان سے منتیں مرادیں لگانے والوں کو ہدایت دیں بے شک اللہ ہی بہتر ہدایت دینے والے ہیں۔ آپکی تمام حاجتیں صرف اور صرف اللہ باری تعالیٰ ہی پوری کرسکتے ہیں اور وہی اس کی قدرت رکھتے ہیں۔ زندہ یا مردہ پیر اس میں کوئی مدد نہیں کرسکتا۔ اللہ کے علاؤہ کسی اور کو مدد کیلئے پکارنا شرک کے علاؤہ کچھ بھی تو نہیں۔ اللہ یکتا ہے اور اس کا کوئی ثانی نہیں ۔ مہربانی فرما کر اللہ کی کسی بھی مخلوق کو وہ کام ہرگز نہ کہیں جو اللہ باری تعالیٰ کے ہیں۔
مداری کرتب دکھانے آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں ان میں کچھ سیاسی اور کچھ ذہنی بیمار مذہبی مداری ہیں۔ احتیاط دونوں سے کرنی ہے۔ کیونکہ آپ اشرف المخلوقات ہیں ۔ بچہ جمہورا نہیں۔ باقی مذہبی ٹچ بھی بہت مشہور ہوا اور ٹچ می ناٹ بھی۔
مرید و مرشد دونوں کا رب ایک ہی ہے اور دونوں اسی سے مانگتے ہیں۔ یہ بہترین طریقہ ہے اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کیجئے ۔ اگر ان سے آگے کوئی آپ کو محسوس ہوتا ہے تو کلمہ دوبارہ پڑھیں اور مسلمان بن جائیں۔ کیونکہ شرک اللہ کو ہرگز بھی پسند نہیں ہے۔ ساری کائنات اللہ کی مخلوق ہے اور محتاج ہے۔ دعا اور التجا اللہ تعالیٰ سے ہی کیجئے وہی بخشنے والا مہربان ہے ۔
Load/Hide Comments