پی ٹی آئی احتجاج، تعلیمی ادارے کل بھی بند رکھنے کا فیصلہ ،پنجاب یونیورسٹی لاہورکے امتحانات ملتوی


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کل بھی بند رکھنے کا فیصلہ۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور نے تین روز کیلئے امتحانات ملتوی کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تیسرے روز بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے آج بدھ کو بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام تعلیمی ادارے 27 نومبر کوبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،

امن وامان کی صورت کے پیش نظر تمام سرکاری ونجی اسکولز بند رہیں گے۔ ادھر لاہور میں راستوں کی بندش کے باعث پنجاب یونیورسٹی نے بھی 27،28،29 نومبر کو ہونیوالے تمام امتحانات ملتوی کردئیے ہیں۔ ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ایسوسی ایٹ بیچلر ڈگری کے ضمنی امتحانات کا شیڈول بعد میں جاری ہوگا۔ دریں اثنا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے 28نومبرکا کانوکیشن ملتوی کردیا ہے، یو ای ٹی میں 29نومبر کو المنائی تقریب بھی ملتوی ہوگئی ہے، فی الوقت کلاسز ہائبرڈ موڈ میں ہوں گی۔