فتح جنگ(صباح نیوز)قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)کی ہدایات کے برعکس تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال فتح جنگ میں کوویڈ 19 ٹیسٹ کی سہولت بند کر دی گئی۔ ہسپتال کے ڈاکٹرز مریضوں کو کوویڈ ٹیسٹ لکھ کر دیتے ہیں تو ہسپتال عملہ موقف اختیار کرتا ہے کہ این آئی ایچ نے ٹیسٹ سیمپل تحصیل ہیڈکوارٹرز سے اب وصول کرنا بند کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں کوویڈ کی پچھلی لہروں کے دوران کوویڈ سیمپل کولیکشن کی جاتی رہی لیکن موجودہ لہر کے آتے ہی اب سیمپل اکٹھے کرنا بند کر دیئے گئے۔ ایک جانب ڈاکٹرز ٹیسٹ لکھ کر دیتے ہیں تو دوسری جانب ہسپتال لیبارٹری اور انتظامیہ کا عملہ کہتا ہے کہ این آئی ایچ نے اب تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سے سیمپل لینا بند کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے اب یہ سہولت یہاں بند کر دی گئی ہے۔
این آئی ایچ رابطہ کرنے پر انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سے سیمپل نہ لینے کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پورے ملک سے این ائی ایچ میں کوویڈ کے سیمپل آ رہے ہیں، ایسی تمام اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر منصور سے اس حوالے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کی جانب سے کوئی جواب نہ دیا گیا۔