سی پی این ای کی روزنامہ فرنٹیئر اسٹار پشاور کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر حافظ ثناء اللہ خان کے انتقال پر اظہار تعزیت


کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے کونسل کے سینئر رکن، خیبرپختونخوا کے صدر، بانی چیئرمین شعبہ صحافت پشاور یونیورسٹی، ممتاز صحافی اور روزنامہ فرنٹیئر اسٹار پشاور کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر حافظ ثناء اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل عامر محمود و دیگر عہدیداروں سمیت تمام اراکین نے سی پی این ای کے سینئر رکن، ممتاز صحافی اور روزنامہ فرنٹیئر اسٹار پشاور کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر حافظ ثناء اللہ خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو اس سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمائے۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے تعزیتی بیان میں مزید کہا ہے کہ ڈاکٹر حافظ ثناء اللہ خان انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار میڈیا کی آزادی اور آزادی صحافت کے فروغ کے لئے پیش پیش رہنے والے نڈر اور بے باک شخص تھے ۔

ڈاکٹر حافظ ثناء اللہ خان نے پشاور یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے بانی چیئرمین سمیت خیبرپختونخوا اور ملک بھر میں صحافتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر حافظ ثناء اللہ خان کی وفات سے صحافی برادری انتہائی غمگین ہے ۔