لاہور ( صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن نے پی او بی کے تعاون سے الخدمت سکول خورشید بیگم کیمپس بیدیاں روڈ پر 6 روزہ فری آئی اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا جس میں اسکول کے 1200 بچوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور مفت چشمے فراہم کئے گئے۔ کیمپ کے آخری روز منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا تھے۔
ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے اس موقع پر کہا پاکستان جیسے ملک میں کسی ادارے کا دیہی اور دور دراز علاقوں تک خدمات پہنچانا بہت اہم ہوتا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کا ملک بھر اور گراس روٹ لیول پر کام ایک منفرد ماڈل ہے جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں صحت کے شعبے میں مل جل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے گزشتہ عرصے میں آگاہی سمیت شعبہ صحت میں عمدہ کام کیا ہے۔ الخدمت شعبہ صحت لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز نذیر نے بتایا کہ موبائل، کمپیوٹر اور ٹی وی زیادہ دیکھنے سے بچوں کی نظر کمزور ہونے کا رحجان خطرناک حد تک بڑھا ہے۔ الخدمت اور پی او بی آئی اسی ضرورت کے تحت مختلف سکولوں میں آئی سکریننگ کیمپ کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ بروقت بچوں کی نظر کا معائنہ کیا جائے۔
اس آئی کیمپ میں 20 فیصد بچوں اور 27 فیصد بچیوں کی نظر کمزور پائی گئی ہے جن کو چشمے بھی بنوا کر دیئے گئے ہیں۔تقریب میں سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، سربراہ ڈبلیو ایچ او پنجاب ڈاکٹر جمشید احمد، جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔