نیلم(صباح نیوز)وادی نیلم میں طوفانی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے۔
وادی نیلم میں 3 دن سے جاری موسلادھار بارش سے دریائے نیلم سمیت ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ اس کے علاوہ وادی نیلم کے سیاحتی مقامات جاگراں ویلی، شاردہ، اڑانگ کیل اور گریس میں 4 سے 6 انچ برف باری ہوئی۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ نیلم سے بالائی نیلم کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر وادی نیلم کا کہنا ہے کہ سیاح اور شہری غیر ضروری سفر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور برف باری تھمنے کے بعد متاثرہ انفرااسٹرکچر کی بحالی کا کام شروع کیا جا سکے گا۔