لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے مالدیپ کے صدر محمد معیزو کو ان کی جماعت کی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیرالعظیم نے کہا کہ محمد معیزو کی مالدیپ میں صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پیپلز نیشل کانگریس کی اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھی تاریخی کامیابی اس بات کی غماض ہے کہ مالدیپ کے عوام بھارتی تھانیداری رویہ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اور صدر محمد معیزو کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے سبھی ممالک کے عوام بھارتی تسلط اور چودھراہٹ کے خلاف ہیں، محمد معیزو نے دلیرانہ موقف اپنا کر مالدیپ پر بھارت کے اثرورسوخ کا بوریا بستر گول کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پاکستانی عوام مالدیپ کے بہتر مستقبل کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا خطے کے سبھی ممالک کو مل کر بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جابرانہ اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھا کر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنا چاہیے۔ انہوں نے مالدیپ اور پاکستان میں پائیدار برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیا۔