کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے نیب تحقیقات کے طریقہ کار بنانے کے حوالے سے کیس کی سماعت میںوفاقی حکومت اور نیب حکام پر اظہار برہمی کیا ہے ۔
جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے نیب تحقیقات کے طریقہ کار بنانے کے حوالہ سے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے وفاقی حکومت اور نیب حکام پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب رولز پیش کریں ورنہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے نیب کے ایس اوپیز معطل کردیں گے۔ رولز ہی نہیں بنائے تو کسی کے خلاف کیسے کارروائی ہوسکتی ہے۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ ملزمان کو بھی پتا ہونا چاہئے کہ ان کے حقوق کیا ہیں۔ دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مئوقف اختیار کیا کہ نیب آرڈیننس میں دوسری ترمیم کے بعد تاخیر ہوئی۔ عدالت نے کہاکہ کئی بار نوٹسز جاری کرچکے ہیں اس کے باوجود نہ نیب کے رولز مرتب کئے جارہے ہیں اور نہ ہی کوئی تفصیلات پیش کی جارہی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ایک ماہ کی آخری مہلت دے رہے ہیں اگر نہیں رولز نہیں دیئے گئے تو پھر نیب جن ایس اوپیز کے تحت کام کرتا ہے انہیں معطل کردیں گے۔