صدارتی الیکشن،خیبرپختونخوا اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک منظور


پشاور(صباح نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی نے صدارتی الیکشن کے لیے اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک کی منظوری دے دی۔اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صدارتی الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک پیش کی۔

پیپلز پارٹی کے رکن احمد کنڈی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ رول آف بزنس میں دیکھ لیں، کابینہ سے منظوری لیے بغیر کیسے کسی کارروائی کی منظوری اسمبلی دے سکتے ہیں۔اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ وزیرِ اعلی خود حکومت نہیں، ابھی دو ممبران نامزد کر لیں پھر رول آف بزنس چلائیں۔ وزیرِ اعلی علی امین گنڈاپور نے حساب پر رائے شماری کے لیے تحریک پیش کر دی۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی شق 125 اور اسمبلی رولز 150 کے مطابق تحریک پیش کرتا ہوں، کے پی حکومت کو مارچ کے لیے 1 کھرب، 59 ارب 50 کروڑ 14 لاکھ 37 ہزار روپے دئیے جائیں۔ کے پی اسمبلی نے رواں ماہ کے اخراجات کے لیے 159 ارب 50 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔ بجٹ میں اخراجات جاریہ کے لیے 118 ارب روپے منظور کیے گئے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے گئے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔