صوابی(صباح نیوز)پاکستان ائیر فورس کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی فرحان خان روڈ حادثے میں چل بسے۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ واقعہ صوابی شہر میں جہانگیرہ روڈ پر پیش آیا جہاں فرحان خان اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ اچانک تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔
پولیس نے بتایا کہ ایمبولینس کی تاخیر سے پہنچنے پر فرحان خان سڑک پر ہی زخمی حالت میں کافی دیر پڑے رہے اور پھر انہیں صوابی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں راولپنڈی کے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق راولپنڈی کے سی ایم ایچ ہسپتال میں زیر علاج فرحان خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی جبکہ فرحان خان کے اہل خانہ کی جانب سے ملزم کو گرفتار کرکے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے فرحان خان پاکستان ائیر فورس فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی ہیں جبکہ وہ پاکستان فٹبال ٹیم میں انڈر 19کے کھلاڑی بھی رہ چکے ہیں۔