سری نگر— مقبوضہ جموں و کشمیر میں شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری سے چھ افراد جاں بحق اورچھ زخمی ہوگئے ہیں جبکہ400سے زائدرہائشی مکانات اور عمارات کو نقصان پہنچاہے۔جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں ژالہ باری سے فصلوں کوشدیدنقصان پہنچاہے۔ پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ مٹی کے تودے گرنے سے سرینگر جموں ہائی وے سمیت بین الاضلاعی اور رابطے کی درجنوں سڑکیں بند ہوگئیں۔ جموں شہر میں شدید بارش کی وجہ سے نالے، گلیاں اور سڑکیں پانی سے بھر گئیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
رامبن کے ڈپٹی کمشنر بصیر الحق نے بتایا کہ ضلع رامبن میں کل رات سے آندھی کی وجہ سے 150سے زائد مکانات اور اسکول کی عمارتوں کو مکمل یاجزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔انہوںنے بتایا کہ زیادہ تر نقصان تحصیل کھاری، بانہال، گول اور بٹوٹ میں ہوا ہے۔ وادی کشمیر میں شدید بارش کے ساتھ تیز آندھی سے 200سے زائد مکانات اورعمارات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ سمیت پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری ہوئی ہے۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ضلع کولگام کی چار تحصیلوں دھمہال ہانجی پورہ، دیوسر، پہلو اورکولگام میں 119مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع اسلام آباد کے علاقے ویری ناگ میں تیز آندھی کی وجہ سے 42مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ تحصیل ڈورو میں 47اور تحصیل قاضی گنڈ میں 15 عمارتوں کو نقصان پہنچاہے۔شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں بھی تیز آندھی سے درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچاہے۔
ڈوڈہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھلیسا کے علاقے بھاتمس چھنگا میں تیز آندھی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے پردیپ سنگھ کی بیوی سنیکشا دیوی کی موت ہو گئی اور اس کا بھائی زخمی ہو گیا ۔ ضلع ڈوڈہ کے علاقے گندوہ میں کم از کم 10 مکانات کو نقصان پہنچا۔ اسی طرح ضلع ریاسی کے علاقے چسانہ میں ایک مکان مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے تین بچے اوران کی والدہ جاں بحق ہوگئی۔