لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیواور ریلیف سرگرمیوں کا آغازکردیا،گوادر، سربندر،ضلع کھیچ،جیونی،مکران کے ساحلی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،متاثرین کو تیارکھانا،صاف پانی،خیمے،ترپال، جوتے،گرم لحاف، فراہم کئے گئے جبکہ ایمبولینس ،میڈیکل ہیلتھ یونٹ اوررضاکار کی بڑی تعداد متاثرین کوریسکیواور ریلیف فراہم کررہے ہیں۔ سیلاب اور بارشوں سے بے گھرہونے والے متاثرہ خاندانوں کو الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے پناہ گاہوں میں محفوظ کیا جارہا ہے۔
چئیر مین ڈیزاسٹرمینجمنٹ اعجازاللہ خان نے بتایاکہ 27 فروری کی موسلادھار بارش نے گوادر میں سیلابی صورتحال پیدا کردی تھی جس سے کئی علاقے زیرآب آگئے،گوادر،جناح ایونیوکی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ متعدد مکانات مکمل طورپرتباہ ہوگئے۔الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی علاقائی اور ضلعی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہوکرریلیف اور ریسکیو میں حصہ لے رہی ہیں۔ پانی کی نکاسی کے لیے پمپ استعمال کیے جار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات پینے کا صاف پانی،خیمے، ترپال،کھانا، میڈیسن، نکاسی کے لیے پانی کے پمپ، جنریٹرز،حفظان صحت کی کٹس ہیں،اہل خیراس سلسلے میں متاثرین کی امدادکیلئے عطیات فراہم کریں۔