جماعت اسلامی سندھ کے تحت جی ڈی اے کے ساتھ مل کرکل یومِ سیاہ پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے تحت فراڈ الیکشن اور مینڈیٹ چوری کیخلاف جی ڈے اے کے ساتھ ملکر 27فروری کو کراچی تا کشمور یومِ سیاہ اور ڈسٹرکٹ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرئے کئے جائیں گے۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کارکنان وذمہ داران کو یومِ سیاہ اور احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فراڈ انتخابات اور مینڈیٹ چوری پر پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہورہی ہے اس چوری کیخلاف اور اپنے حق کیلئے احتجاج کرنے پر سندھ اسمبلی کے باہر اور شہر کراچی میں جس طرح سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ،تشدد اور خواتین کی تذلیل کی گئی اس نے دور آمریت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سندھ کی نگراں حکومت فراڈ انتخابات کی سرپرستی کے بعد سیاسی کارکنوں پر تشدد کرواکر انتہائی بے شرمی کا مظاہرہ اور شاہ سے بڑھ کر شاہ کی وفاداری دکھانے میں حد کردی ہے۔ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی وجمہوری حق ہے ان کو اپنے حق سے محروم کرنا اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق وآئین کی شدید خلاف ورزی ہے۔