کل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیرمیں قابض فوج کی بڑھتی ہوئی ظالمانہ کارروائیوں پر اظہار تشویش


سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیرمیں قابض فوج کی بڑھتی ہوئی ظالمانہ کارروائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارت کی ہندوتوا حکومت حق خودارادیت کے مطالبے کے لئے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے جاری بیان میں کہا کہ کشمیری گزشتہ 35برس سے بھارتی فورسز کے مظالم برداشت کررہے ہیں اور انہیں بدترین جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم امن پسند دنیا کے لیے چشم کشا ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کسی بھی رکن ملک کو مقبوضہ علاقے میں بھارت کے جابرانہ اقدامات کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے۔ حق خود ارادیت عالمی ادارہ کی طرف سے دیا گیا بنیادی حق ہے اور اسے برقرار رکھا جانا چاہیے

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرکے علاقے کا فوجی اور پولیس محاصرہ ختم کرائے اور 05اگست 2019کے بعدبھارت کے تمام آرڈیننسز، قوانین اور اقدامات کو عالمی ادارے کی قراردادوں اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی خلاف ورزی قراردے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت اپنی جابرانہ پالیسی سے کشمیریوں کے حقوق کو اب زیاد دیر چھین نہیں سکتا ،کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔