کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں حسن اسکوائر کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تجاوزات کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ سیل اور ایس بی سی اے کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں حسن اسکوائر کے اطراف میں مرکزی شاہراہوں، فٹ پاتھ اورسروس روڈ پر تجاوزات کے خلاف کیس کی جسٹس حسن اظہر رضوی نے سماعت کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے درخواست میںمئوقف اختیار کیا گیا تھا کہ حسن سکوائر میں فلیٹس میں گیراج، ورکشاپس اور فٹ پاتھوں پر مچھلیوں کی دوکانیں کھول دی گئی ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فوری طور پر قبضہ ختم کروانے اور کاروائی کے بعد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کو شناختی کارڈ میںلگی چپ کی مدد سے تلاش کرنے کا حکم دے دیا ۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے قتل میںملوث ایم کیو ایم کارکن کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے لاپتہ شہری کو شناختی کارڈ میںلگی چپ کی مدد سے تلاش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے قراردیا ہے کہ لاپتہ شہری کی بازیابی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
ایم کیو ایم کے کارکن اعجازلاحسن جو کے ایم سی کے ملازم بھی رہے ، کے وکیل محفوظ خان کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ان کے مئوکل 10سال ہانگ کانگ میں گزارنے کے بعد2017سے لاپتہ ہیں اور اب تک ان کی بازیابی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ سابق گورنر سندھ حکیم محمد سعید کے قتل میں گرفتار ہو چکے ہیں اور رہائی کے بعد باہر چلے گئے تھے اور2017میں واپس آئے تھے اور لاپتہ ہونے کے دوماہ بعد واپس گھر آگئے تھے۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ لاپتہ شہری کو شناختی کارڈ میں لگی چپ کی مدد سے تلاش کیا جائے اورجن ، جن لوگوں سے وہ رابطے میں تھے ان سے بھی پوچھ گچھ کی جائے اور17فروری کو تفصیلی رپورٹ جمع کروائی جائے۔ عدالت نے قراردیا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی کے شناختی کارڈ میں اسماٹ کارڈ کی چپ لگی ہو اوراس کے بعد وہ کسی کے ساتھ رابطہ میں بھی رہا توایسا نہیں ہو سکتا کہ کسی کی بازیابی کے لئے اقدامات نہ کئے جائیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ۔