کراچی (صباح نیوز)کے پی ٹی میں غیرملکی کنٹینرز سے لدا مال بردار بحری جہاز پورٹ کے چینل میں پھنس گیا، انتظامیہ نے کارگو جہاز کو نکالنے کا کام شروع کردیا۔
اس حوالے سے کے پی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لائبیریا رجسٹرڈ جہاز اسٹیئرنگ وہیل خراب ہونے کی وجہ سے چینل میں پھنسا۔
بحری جہاز کو نکالنے کے لیے کے پی ٹی کے 3 ٹگس کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، امید ہے جلد کامیابی مل جائے گی۔ذرائع کے مطابق مال بردار بحری جہاز کے کپتان نے اسٹیئرنگ وہیل خراب ہونے پر کے پی ٹی سے مدد طلب کی تھی، اس سلسلے میں کے پی ٹی کے پائلٹ بوٹ جہاز کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے ساحل سی ویو پر مال بردار بحری جہاز پھنس گیا تھا، جسے 49روز کی بہت مشکل اور محنت کے بعد ریت سے نکالا گیا تھا۔