سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مقامی انتظامیہ خود کر سکتی ہے،فیصل سلطان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مقامی انتظامیہ خود کر سکتی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا فیصلہ وقت پر کیا ہے، کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح یومیہ 6 ہزار سے بڑھ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں 90 فیصد آبادی ویکسین شدہ ہے لیکن پھر بھی وہاں کے ہسپتالوں پر کورونا کے مریضوں کا دباؤ آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن افراد نے ویکسین لگوائی ہے ان میں وائرس کی شدت کم ہے، تاہم ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن میں پیچھے رہے تو کورونا کی مزید لہر آ سکتی ہیں، اسلام آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث آئندہ دنوں میں دباؤ آ سکتا ہے۔