پی ٹی آئی حکومت کے دعووں کے برعکس مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے، ،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ صحافت ملک کا اہم اور چوتھا ستون ہے جو عوام کے مسائل کو اجاگر اور ریاست وحکومت کی اصلاح کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے دعووں کے برعکس مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے، منی بجٹ نے تو باقی رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے، تبدیلی کا نعرہ عملاًتباہی ثابت ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں تیمرگرہ دیر پریس کلب کے صدر اسماعیل انجم کی زیرقیادت ملاقات کرنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

صوبائی امیر کا مزید کہنا تھاکہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک برسراقتدار ہونے والے حکمرانوں نے آج تک ملک میں اسلام ،عدل وانصاف کا نظام قائم کیا اور نہ ہی ہے عوام کو بیروزگاری، مہنگائی بدامنی جیسے مسائل سے نجات دلاسکے ہیں۔

جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے اسی میں ہی ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سمیت تمام مسائل کا حل مضمر ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا نے نہ صرف پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالا بلکہ اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد میں بھی جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیا ہے، دیر ہمیشہ جماعت اسلامی کا مرکز رہا ہے، تیمر گرہ پریس کلب کے صدر اسماعیل انجم اور جنرل سیکریٹری نواب بادشاہ نے جماعت اسلامی سندھ کا شکریہ ادا کیا۔