میرے خلاف احتجاج کیلئے لوگوں کو صوبائی اسمبلی سے فون کیا گیا، نور عالم


اسلام آباد(صباح نیوز)اپنی ہی حکومت پر تنقید کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے دعوی کیا ہے کہ ان کے حلقے کے لوگوں کو   ان کے  خلاف احتجاج  پر  اکسانے کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی سے ٹیلی فون کیا گیا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نور عالم خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ٹیلی فون نمبر سے میرے خلاف احتجاج کی کال پر حیران ہوں، جو لوگ اپنے گاوں میں نہیں جیت سکتے وہ میرے حلقے کے عوام کو میرے خلاف بھڑکانیکی کوشش کرتے ہیں۔

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کوفون کرکے احتجاج کا کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔رکن قومی اسمبلی نے ٹوئٹر پر اپنے خلاف احتجاج کے لیے استعمال ہونے والی مبینہ فون لائن کا نمبر بھی شیئرکیا ہے۔

دوسری جانب  نور عالم خان کے بیان پر ترجمان ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے بات کرنے سے معذرت کرلی، تاہم  ترجمان ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ پبلک ریلیشن آفیسر کے دفتر میں حلقے کے لوگ آتے ہیں اور یہاں سے کسی نے اس وقت ٹیلی فون کیا ہوگا جب وہ دفتر سے باہر تھے۔ادھر  تحریک انصاف نے نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، شوکاز نوٹس کے مطابق  نور عالم خان نے پارٹی قیادت پر الزامات لگائے جو میڈیا پر نشر اور شائع ہوئے۔

نور عالم خان سے وضاحتی جواب 24 جنوری تک جمع کرانیکی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہیکہ اپنی حکومت پر تنقید کرنے والے ممبر قومی اسمبلی نور عالم خان کے خلاف تحریک انصاف کے یوتھ ونگ نے ایک روز قبل  پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔مظاہرین نے پشاور سے پی ٹی آئی کے ایم این اے نور عالم خان کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے اور  نور عالم  خان سے مستعفی ہونیکا مطالبہ کیا۔