اماراتی وزیر خارجہ کاشاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون،پاکستانی شہری کی ہلاکت  پراظہار تعزیت


اسلام آباد(صباح نیوز)ابوظہبی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون حملہ میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت  پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کیا جس میں گزشتہ روز ابوظہبی میں ہونیوالے المناک دہشتگردی کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اماراتی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کے انتقال پر دلی تعزیت کی ۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری علاقوں پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ،

وزیر خارجہ نے اس حملے کے نتیجے میں متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اورمتوفی پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کیلئے فوری علاج معالجے کی کاوشوں پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کارروائیاں، متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، امن و امان کیلئے سنگین خطرہ بننے والے اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔