امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم کی زیرصدارت الیکشن مہم کاجائزہ اجلاس

راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم کی زیرصدارت الیکشن مہم کاجائزہ اجلاس منعقدہوا جس میں صوبے بھرکے قومی وصوبائی امیدواران کی انتخابی مہم کاجائزہ لے کر آئندہ کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہراقبال حسن نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ قاضی محمدجمیل ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،صوبائی صدرجے آئی یوتھ میاں یاسرعلی گجر،سیکرٹری انتخابی کمیٹی ڈاکٹرعمران فراز،عبدالحنان چیمہ سمیت صوبے بھرسے امرائے اضلاع وسیکرٹریز شریک ہوئے اور اپنے اضلاع کے قومی وصوبائی امیدواران کی انتخابی مہم کی تفصیلات پراجلاس کوبریفنگ دی ۔

امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم نے امرائے اضلاع کو صوبائی ، اضلاع اورصوبائی حلقوں کی سطح تک الیکشن سیل کو متحرک ، انتخابی مہم کوتیزتر، ارکان ومعاونین سے الیکشن فنڈ کی وصولی سمیت انتخابی مہم کی روزانہ اور ویکلی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اظہراقبال حسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترازو کے انتخابی نشان اور90فیصد قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواران کی نامزدگی اضلاع کی بڑی کامیابی ہے 266قومی اسمبلی کی نشستوں میں 243 امیدوار نامزدکئے چاروں صوبوں کی593نشستوں میں سے 531نشستوں پر جماعت اسلامی نے ترازو کے نشان پرامیدواران نامزد کئے ہیں ۔