الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ متاثرین کیلئے مزید 20 ٹن ادویات اور خوراک پر مشتمل امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کر دی

راولپنڈی(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ متاثرین کیلئے مزید 20 ٹن ادویات اور خوراک پر مشتمل امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کر دی۔ اِس موقع پر نگران وفاقی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطینی سفیر احمد ربیع،چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک،نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن ائیر مارشل (ر) فاروق حبیب، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری،نیشنل ڈائریکٹر الخدمت آغوش ہومز ائیر مارشل (ر) ارشد ملک سمیت پاک فوج، پاک فضائیہ، این ڈی ایم اے اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

اِس موقع پر سیکر ٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص جعفری نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں الخدمت فاؤنڈیشن پہلے دن سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ غزہ میں بین الاقوامی امدادی اداروں کے تعاون اور مصر میں قائم کیمپ آفس سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پر اب تک ادویات، خوراک، ہائی جین کٹس پر مشتمل  57ٹن امدادی سامان پاک فضائیہ کی مدد سے غزہ متاثرین تک پہنچایا جا چکا ہے اور حالیہ بھجوائے گئے سامان میں 13 ٹن ادویات اور 7 ٹن خوراک شامل ہے جو پہلے اردن پہنچے گی، جہاں سے اسے غزہ متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔ سید وقاص جعفری نے اِ س موقع پر مخیر حضرات سمیت این ڈی ایم اے، پاک فوج اور فضائیہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے وہ غزہ کے متاثرین تک مدد پہنچانے میں کامیاب ہو سکے۔