مظفر آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مہاجرین میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کرنے کا مقصد ان بہادر افراد اور خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے جومقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ سے اپنے وطن سے دور رہنے پر مجبور ہیں،مقبوضہ وادی کے حقیقی مالکان پناہ گزین کیمپوں میں مصائب برداشت کر رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری پناہ گزین کیمپ مظفرآباد میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشعال حسین ملک آزاد جموں و کشمیر کے 2 روزہ دورے پر ہیں جو آزاد جموں و کشمیر میں سخت موسمی حالات کے چیلنجوں کا سامنا کرنے والے مہاجرین کو ریلیف فراہم کرنے کی مہم کی قیادت کر رہی ہیں، معاون خصوصی کی فوکل پرسن سبین حسین ملک اور ڈی جی لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ڈاکٹر رحیم اعوان معاون خصوصی کے ہمراہ ہیں۔مشعال حسین ملک نے مہاجرین میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کیں جن میں ضروری اشیاجیسے گرم کپڑے، کمبل، تھرمل موزے، دستانے اور دیگر اشیاشامل ہیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی مہاجرین سے گھل مل گئیں اور ان سے بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان ضرورتمند لوگوں کی مدد کریں۔ مہاجرین کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں پناہ گزینوں کو یقین دلایا کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت پاکستان آزاد جموں و کشمیر کیلئے زیادہ سے زیادہ پبلک فنڈز خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی کو یقینی بنانیکیلئے نجی فنڈز بھی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے پناہ گزینوں کو یقین دلایا کہ امداد کی حالیہ تقسیم ایک بار کی کوشش نہیں بلکہ جاری عزم کا حصہ ہے، انہوں نے پناہ گزینوں کیلئے رمضان پیکج کا اعلان بھی کیا جس کا مقصد مقدس مہینے کے دوران انہیں مستقل ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے پناہ گزین کیمپوں کے اندر بچوں کیلئے مناسب تعلیم کی سہولیات کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اپنے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن ضرور آے گا جب پناہ گزین اپنے گھروں کو واپس جا سکیں گے اور اپنے پیاروں کے ساتھ دوبارہ مل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حقیقی مالکان پناہ گزین کیمپوں میں مصائب برداشت کر رہے ہیں جبکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لیے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل تقسیم کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے انعقاد میں سہولت فراہم کرے تاکہ تنازعات سے بے گھر ہونے والے خاندان اپنے گھروں کو واپس جا سکیں، اپنے پیاروں کے ساتھ دوبارہ مل سکیں، پرامن اور منصفانہ ماحول میں اپنی زندگیوں کی تعمیر نو کر سکیں۔ مشعال ملک نے سنٹرل جیل مظفرآباد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے سپرنٹنڈنٹ کو قیدیوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جیلیں اصلاحی سہولتیں ہیں جن کا مقصد مجرموں کی اصلاح اور ان کو ریاست کے ذمہ دار شہریوں میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سزا یافتہ یا زیر سماعت مقدمات والیافراد بنیادی انسانی حقوق کے حقدار ہیں اور ریاست ان کے حقوق کے تحفظ کی کسی بھی قیمت پر پابند ہے۔ انہوں نے قیدیوں کوسردی کے مہینوں میں ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کیں۔