اسلام آباد(صباح نیوز) شعبہ جے آئی یوتھ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کے تحت الفلاح ہال F-8/4 میں یوتھ کنونشن کا انعقاد کیاگیا ۔
جماعت اسلامی کے نامزد امید وار برائے این اے 46 میاں محمد اسلم نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نوجوانوں کا حقیقی نمائندہ ہوں،ہر دکھ سکھ ،خوشی اور غم میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔تعلیمی اداروں میں داخلے کا معاملہ ہو یا پانی کی کمیابی کا مسئلہ ،بچوں کے لیے پارکس کی عدم موجودگی ہو ،ہر جگہ ہر طرح کی مدد کے لئے میں آپ کو ہر وقت میسر ہوں۔عوام نے اگر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو مایوس نہیں ہوں گے۔
یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس شوری کی رکن زبیدہ اصغر نے ووٹ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امانت کاواضح تصور رکھتی ہے ۔ اقتدار ہمارے نزدیک قوم کی امانت ہے۔ہم وی آئی پی پروٹوکول کلچر کے خلاف ہیں ۔جماعت بہترین معاشی و خارجہ پالیسی پر مشتمل منشور اور انتہائی اعلی تعلیمی قابلیت کے حامل افراد کے ساتھ میدان میں اتری ہے
ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہیدنے بتایا کہ ابھی تک کوئی جماعت اپنا منشور تک پیش نہیں کر سکی جبکہ جماعت اسلامی اپنے کریڈٹ پر موجود قومی و ملی خدمات کے ساتھ صف اول میں کھڑی ہے۔اسلام آ باد بدل رہا ہے۔کیو نکہ اہل اسلام آباد بیدار ہو رہے ہیں ۔ 8فروری کا سورج جماعت اسلامی کی فتح اور پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید لیکر ابھرے گا۔ان شااللہ