اسلام آباد (صباح نیوز)امریکہ کے نائب وزیر خارجہ رچرڈ راہل ورما نے مشرقِ وسطی اور جنوبی ایشیا کے دورے کے آخری مرحلے میں اسلام آباد میں اعلیٰ حکام، عالمی تنظیموں اور ہم خیال شراکت داروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے افغان باشندوں کو ان کے ملک میں دوبارہ آباد کرنے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔ رچرڈ راہل ورما نے کہا کہ ا فغان باشندوں نے امریکا کے لئے خدمات انجام دی ہیں انہیں تحفظ فرا ہم کرنا اور بنیادی سہولتوں کا خیال رکھنا امریکا کی ذمہ داری ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاک امریکا تعلقات اور مشترکہ مفادات کو مزید فروغ دینے اور وسیع تر اشتراکِ عمل کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔رچرڈ راہل ورما نے کاروباری برادری کی اہم شخصیات سے بھی اقتصادی اصلاحات کی حوصلہ افزائی سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک تجارت و سرمایہ کاری اور بہتر دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی حمایت و مدد کرتا رہے گا۔