کندھکوٹ(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک دینی وانقلابی اور عوامی جماعت ہے جو اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنے کیلئے انبیائے کرام کے مشن کو آگے لیکر چل رہی ہے ،ارکان جماعت معاشرے کی اصلاح کے ساتھ اپنے گھر وخاندان میں دعوت ،تربیت اور کردار سازی کا مثالی نمونہ پیش کریں، کراچی تا کشمور جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی وعام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ہمیں موقع ملا تو ان شاء اللہ سندھ وپاکستان کو خوشحال بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہون نے جامعة الانصار کندھ کوٹ میں منعقدہ ضلع کشمور کے اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا، نائب امیر صوبہ حافظ نصراللہ عزیز، پروفیسر نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی،قائم مقام امیر ضلع حبیب اللہ پٹھان نے بھی خطاب کیا۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی پوری جدوجہد کرپٹ، جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف ہے ، ملک کو سب سے زیادہ نقصان کرپٹ اشرافیہ اور جاگیرداری نظام نے پہنچایا ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی جاگیرداروں اور وڈیروں کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں پر ظالم اور کرپٹ لٹیرے منتخب ہوکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں ، ناظم جوکھیو،فہمیدہ سیال اور ام رباب اس ظالمانہ نظام کی چند مثالیں ہیں جبکہ پولیس اور کرپٹ افسر شاہی ان حکمرانو کے اشاروں پر غریب عوام پر ظلم کرتی ہے، سندھ کے عوام اب بار بار آزمائے ہوئے ان وڈیروں سے نجات اور اپنے آنے والے نسل کی خوشحالی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،
پیپلزپارٹی جمہوریت کا دعویٰ کرتی ہے لیکن بلدیاتی ترمیمی بل کے ذریعے معمولی اختیارات بھی سلب کرلئے ہیں جس سے ان کی آمرانہ رویے کی عکاسی ہوتی ہے۔ کراچی سے شروع ہونے والا حقوق کی جدوجہد اب سندھ کے ہر شہر اور گائوں کی آوااز بن چکی ہے ، اسلئے حکمرانوں کو چاہئے کہ اپوزیشن سے بامقصد مذاکرات کے ذریعے ایسا بلدیاتی نظام نافذ کریں جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مثالی قانون ثابت ہوسکے۔