بلدیاتی انتخابات بارے پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلزپارٹی یکساں رویہ رکھتی ہیں، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی ایک جیسا ہی رویہ رکھتی ہیں جو کہ عوام کو بلدیاتی شہری حقوق دینے کو تیار نہیں۔

سیاست کو داغدار کیا جا رہا ہے، ملک میں سیاسی بحران بڑھ رہا ہے، جس سے نہ ملک کو استحکام مل رہا ہے اور نہ ہی عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمران طبقے کی بدولت آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف ہماری گردنوں پر مسلط ہیں، اب وہ حکم جاری کرتے ہیں کہ پاکستان کا ٹیکس، تعلیم، آبیانہ، مالیانہ نظام کیسا ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سیاست کے میدان میں سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ انھوںنے اقتدار کا منصب سنبھالنے کے بعد تکبر،رعونت، دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا اور سیاست میں غیر شائستہ رویہ اور انتہا پسندی قائم کر دی۔

انھوں نے کہا کہ اسی حکومت کو مانگے تانگے کی بھان متی کا کنبہ جوڑ کر چلایا جا رہا ہے، لیکن آزمائے ہوئے ناکارہ لوگوں کی بدولت ملک پہلے سے زیادہ مصائب کے گرداب میں پھنس گیا ہے۔

سود، قرضوں، کرپشن نے قومی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، اگر پی ٹی آئی حکومت کے جرائم نااہلی کی فہرست دیکھیں تو وہ بہت طویل ہے۔ ریاست مدینہ کے نظام کو نافذ کرنے کو بھی عمران خان بھول گئے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ کو بار بار اقتدار ملا، لیکن یہ جماعتی حقیقی جمہوریت قائم کرنے کی بجائے شخصی حکمرانی اور ایک خاندان کے علاوہ عوام کو اس میں شریک کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کا واحد ذریعہ اللہ کے دین اور محمدۖ کی شریعت کے نفاذمیں ہے۔ جماعت اسلامی سودی نظام مہنگائی، منی بجٹ کے خلاف ملک گیر تحریک کو منظم کر ے گی۔