حیدرآباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان امیدوار NA-219ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو واک اوور نہیں لینے دے گی سندھ میں جہالت،بیماریاں،بے روزگاری بڑھی ہے پیپلز پارٹی سندھ میں مسلسل حکمران رہی لیکن صوبے کی حالت نہیں بدلی، ایم کیو ایم شہری علاقوں سے پیپلز پارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے لیکن بعد میں پیپلز پارٹی کی گود میں بیٹھ جاتی ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران این اے 218 حیدرآبادون سے سردار زبیر خادم سولنگی ، این اے 220 حیدرآباد تھری سے حافظ طاہر مجید، پی ایس 260 سے قاری محبوب مہیسر پی ایس 61 سے ایڈوکیٹ فتح محم شورو، پی ایس 62 سے ڈاکٹر سیف الرحمن، پی ایس 63 آفاق نصر ،پی ایس 64 سے ظہیر الدین شیخ اور پی ایس 65 سے عرفان قائم خانی بھی موجود تھے ۔
ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ انتخابی مہم میں جماعت اسلامی بھرپور حصہ لے گی،ترازو ٹیم پوری جرات کے ساتھ انتخابات میں اُترے گی حیدرآباد اور کراچی میں جماعت اسلامی ایسے نتائج دے گی سب حیران ہوجائیں گے، یہ شہر آج مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، روزگار کے کوئی مواقع نہیں ہیں ، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی مخالف ووٹ لیتی ہے اور پھر دریا جا کر پیپلز پارٹی کے سمندر میں گر جاتا ہے ، شہریوں کی تذلیل ہوتی ہے تو ایم کیو ایم کو کوئی فرق نہیں پڑتا ہمارا ماضی دیانتداری اور وفاداری کا ہے، ترازو کے امیدوار جب میدان میں اتریں گے تو عوام ان پر اعتبار کرے گی جماعت اسلامی کراچی اور حیدرآباد میں خاطر خواہ نتائج دے گی ،بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا عام انتخابات میں حیدرآباد کے عوام بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے ، بلدیاتی انتخابات میں پورے نظام کو ہائی جیک کیا گیا تھا ،
انتخابات کو ملتوی نہیں ہونا چاہئے ،پاکستان کی ضرورت غیر جانبدارانہ، آزادانہ، شفاف الیکشن ہیں شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں اور اگر شفاف الیکشن ہوئے تو عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرے گی ۔ بعدا زاں پریس کانفرنس نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان امیدوار NA-219ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے نو منتخب صدر ساجد خانزادہ ، نائب صدر اشوک شرما، جنرل سیکریٹری ظفر ہکڑو، جوائنٹ سیکریٹری پیر نظام الدین، خازن ہارون آرائیں ، ممبر گورنگ باڈی علی حسن ، محمد حسین خان،
جے پرکاش مورائی ، ارشد انصاری ، جبران خان ، علی نعیم ، کامران جکھرو و دیگر کو منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پھولوں اور اجرک کے تحائف پیش کیے ، جبکہ حیدرآباد نیوز کیمرہ مین ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر نعیم شاہ، سینئر نائب صدر نوید قائمخانی، نائب صدر حسیب رند، جنرل سیکریٹری عباس علی، جوائنٹ سیکریٹری اعجاز کھوسو، خازن محمد افضل ، ممبر گورنگ باڈی جمیل پٹھان ، نظر سیال، نیاز ملاح، یاسر کورائی و دیگر کو بھی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پھولوں اور اجرک کے تحائف پیش کیے ۔