پاکستان بھر میں لوگوں کے بیمار ہونے کا سبب انفلوئنزا کی وبا ہے،قومی ادارہ صحت


 اسلام آباد(صباح نیوز)قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے کہاہے کہ پاکستان بھر میں لوگوں کے بیمار ہونے کا سبب انفلوئنزا کی وبا ہے، انفلوئنزا بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

این آئی ایچ حکام نے کہا ہے کہ انفلوئنزا اے کی سب ٹائپ ایچ 3این 2کے نتیجے میں پورے ملک میں لوگ بیمار ہو رہے ہیں، پاکستان میں کورونا کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر سے انفلوئنزا کے ہر ہفتے ہزاروں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، بچوں میں نزلہ، زکام اور بخار آر ایس وی وائرس کی وجہ سے ہو رہا ہے۔قومی ادارہ صحت کے حکام نے کہا کہ انفلوئنزا بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، پاکستان میں اس وقت انفلوئنزا کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا سے بچنے کے لیے ماسک استعمال کریں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، انفلوئنزا ہونے کی صورت میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال ہرگز نہ کریں۔