عمران خان کو بجلی،پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، بلاول بھٹو


لاہور(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل عام ہے۔ بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات کے دوران 27 فروری کے اعلان کردہ لانگ مارچ سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

بلاول بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہونا چاہیے وگرنہ عمران خان سے نجات دلانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام 27فروی کو اسلام آباد کے لیے نکلیں گے اور عمران خان سے مہنگائی کا حساب لیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ گیس اور بجلی کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔