اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامزد سفیر کو چین کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید گہرا بنانے کی ہدایت کی کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکتدار اور پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے،پچھلی ایک دہائی میں پاک چین اقتصادی راہداری نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی ہے، سی پیک سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بدھ کو چین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر خلیل الرحمن ہاشمی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات منفرد اہمیت کے حامل ہیں،چین آہنی پاکستان کا برادر، مستقل اسٹریٹجک تعاون پارٹنر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک نے ملک میں سڑکوں کا جال بچھانے، اسٹریٹجک اہمیت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو تیار کرنے میں مدد کی، چین کے ساتھ ثقافتی اور تعلیمی تبادلے مضبوط دوستی کیلئے اہم ہیں۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو چین کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید گہرا بنانے کی ہدایت کی۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو چین میں بطور پاکستانی سفیر تقرری پر مبارکباد ددی اور امید ظاہر کی کہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مزید بہتر ہوگی۔۔۔۔