شدیددھند، موٹرویز سمیت بڑی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند


لاہور(صباح نیوز)لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ،دھند کی وجہ سے موٹرویز سمیت بڑی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی ،حدنگاہ انتہائی کم رہی ۔

ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک بند کر دی گئی جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک بند ہے۔شدید دھند کی وجہ سے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کی گئی ، لاہور سیالکوٹ موٹر وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔