انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، کاغذات نامزدگی اجرا کے حوالے سے ہدایت نامہ جاری


اسلام آباد (صباح نیوز) ملک میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی لینے والے امیدواروں کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کا ایک فارم حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے،کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔امیدوار مختلف تجویز اور تائید کنندگان کے ساتھ 5 کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے،امیدوار کوقومی اسمبلی کی نشست کے لئے ناقابل واپسی 30 ہزار روپے فیس جمع کروانا ہو گی۔ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کو 20 ہزار روپے فیس جمع کرانی ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی آراوسے صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک حاصل  کئے  جا سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کے ساتھ تجویزو تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول منسلک کرنا ہو گی، تجویز اور تائید کنندہ کو اپنا ووٹر سرٹیفکیٹ بھی جمع کروانا ہوگا۔امید وار گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن کا غذات نامزگی کے ساتھ منسلک کرے گا اس کے علاوہ امیدوار کی جانب سے پاسپورٹ کی مکمل نقل کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔